خانیوال سے آئی معصوم بچی کی لاش نہر سے برآمد، ماں کا کزن قتل کیس میں زیر حراست

ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ/کرائم رپورٹر سلمان قیوم): ننکانہ صاحب کے علاقے واربرٹن میں چار سالہ بچی کے اغوا، مبینہ زیادتی اور قتل کے افسوسناک واقعے نے علاقے میں شدید غم و غصے کی لہر دوڑا دی ہے۔ پولیس نے مقدمے میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ واقعے کے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔

پولیس کے مطابق مقتولہ ابیہا اپنی والدہ اقرا بتول کے ہمراہ خانیوال سے اپنے رشتہ داروں کے گھر واربرٹن کے نواحی علاقے ڈیرہ اعظم کھوکھر آئی ہوئی تھی۔ چار روز قبل بچی پراسرار طور پر لاپتہ ہوگئی تھی، جس پر اہل خانہ کی درخواست پر تھانہ واربرٹن میں اغوا کا مقدمہ درج کرکے تلاش شروع کر دی گئی تھی۔

اہل خانہ اور پولیس کی جانب سے مسلسل تلاش کے باوجود بچی کا سراغ نہ مل سکا، تاہم گزشتہ روز اس کی لاش قریبی نہر سے برآمد ہوئی۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 اور پولیس کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور لاش کو نہر سے نکال کر قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بچی کے ساتھ زیادتی کے شواہد سامنے آنے کے بعد پولیس نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے متعدد مشتبہ افراد کو حراست میں لیا۔ دورانِ تفتیش مرکزی ملزم فیصل کو گرفتار کر لیا گیا، جو مقتولہ کی والدہ کا ماموں زاد کزن بتایا جاتا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم سے تفتیش جاری ہے اور واقعے کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔ تفتیشی ٹیمیں شواہد، فرانزک رپورٹس اور دیگر معلومات کی روشنی میں مزید کارروائی کر رہی ہیں تاکہ کیس کے تمام حقائق سامنے لائے جا سکیں۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) ننکانہ صاحب ارسلان زاہد نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم بچی کے ساتھ پیش آنے والا واقعہ انتہائی افسوسناک اور دل دہلا دینے والا ہے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاندان کو ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے گا اور جرم میں ملوث افراد کو قانون کے مطابق کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔

واقعے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی ہے جبکہ شہریوں، سماجی اور مذہبی حلقوں نے معصوم بچی کے ساتھ پیش آنے والے سفاکانہ واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ملزم کو قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے