لنڈی کوتل کو منشیات سے پاک کرنے کے لیے مہم کا فیصلہ، اسسٹنٹ کمشنر انعام وزیر کی شرکت کی یقین دہانی

لنڈی کوتل (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار) لنڈی کوتل میں منشیات کے بڑھتے ہوئے استعمال کے خلاف عوامی شعور بیدار کرنے اور نوجوان نسل کو اس لعنت سے بچانے کے لیے جلد ایک بڑی ریلی کا انعقاد کیا جائے گا۔ انٹرنیشنل کیوکشن کان کراٹے پاکستان کے بین الاقوامی کھلاڑی اور پاکستان انٹرنیشنل ہیومن رائٹس آرگنائزیشن کے رکن علی رحمان شینواری اور انٹرنیشنل کیوکشن کان کراٹے پاکستان (ضلع خیبر) کے نمائندے شہباز شینواری بلیک بیلٹ نے ایک اہم مشترکہ بیان میں اس عزم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اہم ریلی میں مقامی مشران، نوجوانوں، سماجی کارکنوں، سرکاری و غیر سرکاری تنظیموں کے نمائندوں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کو شرکت کی دعوت دی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ اس ریلی کو منعقد کرنے کا بنیادی مقصد منشیات کے مہلک اور مضر اثرات سے متعلق بڑے پیمانے پر آگاہی فراہم کرنا، نوجوانوں کو اس ناسور سے دور رکھنا اور معاشرے میں امن، بھائی چارے سمیت مثبت سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔ علی رحمان شینواری نے اس حوالے سے مزید بتایا کہ انہوں نے باقاعدہ طور پر اسسٹنٹ کمشنر لنڈی کوتل انعام وزیر سے بھی ملاقات کی ہے اور انہیں اس مہم اور ریلی میں شرکت کی خصوصی دعوت دی ہے۔ ان کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر انعام وزیر نے منشیات کے خلاف اس عوامی مہم کو دلی طور پر سراہتے ہوئے ریلی میں اپنی شرکت کی مکمل یقین دہانی کرائی ہے۔

رہنماؤں نے اپنے بیان میں اس بات پر زور دیا کہ منشیات صرف کسی ایک فرد کو نہیں بلکہ پورے معاشرے کو بتدریج تباہ کر دیتی ہیں، اس لیے اس لعنت کے جڑ سے خاتمے کے لیے معاشرے کے تمام طبقات کو مل کر مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔ انہوں نے عوام، بالخصوص نوجوان برادری سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ منشیات کے خلاف شروع کی جانے والی اس مہم کا بڑھ چڑھ کر حصہ بنیں اور اپنے علاقے کو ایک پرامن، محفوظ اور صحت مند معاشرہ بنانے میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے