سیالکوٹ (کیو این این ورلڈ/ بیورو چیف مدثر رتو) خواجہ محمد صفدر میڈیکل کالج میں پانچویں کانووکیشن سیشن 2022 کی ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں 70 طلبہ و طالبات میں بیچلر آف میڈیکل اینڈ بیچلر آف سرجری (MBBS) کی ڈگریاں تقسیم کی گئیں۔ تقریب کے دوران 44 گریجویٹس نے نمایاں پوزیشنیں حاصل کیں، جنہیں شاندار کارکردگی پر میڈلز اور اعزازی ڈگریوں سے نوازا گیا۔ مہمانِ خصوصی صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت پنجاب محمد منشاء اللہ بٹ کے علاوہ رکن صوبائی اسمبلی چودھری فیصل اکرام، خواجہ سلطان ٹیپو، رجسٹرار یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز ڈاکٹر کرن، ممبر بورڈ ڈاکٹر تنویر شیروانی، پرنسپل ڈاکٹر ہما کیانی سہگل، صدر ایوان صنعت و تجارت سیالکوٹ سید احتشام الحق، ڈاکٹر ثناء صابر، ڈاکٹر تنویر حیدر، ارسل جلیل اور ینگ میڈیکل گریجویٹس کے والدین، اساتذہ اور فیکلٹی ممبران نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا کہ ڈاکٹر معاشرے کے دماغ ہوتے ہیں اور اللہ تعالیٰ نے ان کی ذمہ داری دکھی انسانیت کے دکھوں کے مداوا کیلئے مقرر کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خلوصِ نیت، پیشہ ورانہ دیانت داری اور ایمانداری سے فرائض کی انجام دہی ڈاکٹرز کے ہاتھوں میں شفا عطا کرتی ہے اور یہی اوصاف انہیں مسیحائی کے منصب پر فائز کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ خواجہ محمد صفدر میڈیکل کالج ایک عظیم درسگاہ ہے جس کی بنیاد وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے رکھی، اور یہ بات باعثِ اطمینان ہے کہ ادارے سے اب تک 8 بیچز فارغ التحصیل ہو چکے ہیں جو ملک کے طول و عرض اور دنیا بھر میں انسانیت کی خدمت میں مصروف ہیں۔ صوبائی وزیر نے یقین دلایا کہ میڈیکل کالج میں بہترین فیکلٹی کی فراہمی اور اساتذہ کیلئے معیاری رہائشی سہولیات یقینی بنانے کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے خصوصی درخواست کی جائے گی۔
اس موقع پر پرنسپل ڈاکٹر ہما کیانی سہگل نے نئے MBBS گریجویٹس سے پیشہ ورانہ حلف لیا، جس کے دوران نوجوان ڈاکٹروں نے طبّی اخلاقیات کی پاسداری، دیانت داری اور انسانی جان کے احترام کا عہد کیا۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوان ڈاکٹر ملکی صحت کے نظام میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور قوم کو ان سے بڑی توقعات وابستہ ہیں۔ تقریب کے اختتام پر کامیاب گریجویٹس اور ان کے والدین کو مبارکباد دی گئی اور ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔ تقریب کے شرکاء نے کالج کی انتظامیہ کی جانب سے شاندار انتظامات کو سراہا اور اسے سیالکوٹ کے تعلیمی و طبی شعبے میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔
