میہڑ (کیو این این ورلڈ/ منظور علی جوئیہ) گھاجی کہاوڑ لنک روڈ پر زیر تعمیر پل میں حفاظتی رکاوٹیں نہ ہونے کی وجہ سے ایک المناک حادثہ پیش آیا ہے، جہاں موٹر سائیکل سوار نوجوان نہر میں گرنے سے موقع پر ہی جاں بحق جبکہ دوسرا شدید زخمی ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق موٹر سائیکل سوار نوجوان نور محمد چانڈیو اور عبدالغفار چانڈیو لنک روڈ سے گزر رہے تھے کہ پل کے مقام پر کوئی رکاوٹ یا انتباہی بورڈ نہ ہونے کے باعث موٹر سائیکل بے قابو ہو کر گہری نہر میں جا گری۔ حادثے کے نتیجے میں نور محمد چانڈیو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گیا، جبکہ اس کا ساتھی عبدالغفار چانڈیو بری طرح زخمی ہوا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں جنہوں نے جاں بحق نوجوان کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے تحصیل ہسپتال میہڑ منتقل کیا، جبکہ زخمی عبدالغفار کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد تشویشناک حالت کے پیشِ نظر مزید علاج کے لیے لاڑکانہ ہسپتال ریفر کر دیا گیا ہے۔ متاثرہ خاندان اور اہل علاقہ نے ٹھیکیدار اور متعلقہ انتظامیہ کی غفلت پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ حفاظتی اقدامات نہ ہونے کی وجہ سے ایک قیمتی جان ضائع ہو گئی ہے۔ پولیس نے واقعے کی رپورٹ درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے