اوچ شریف (کیو این این ورلڈ/ نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف اور گردونواح میں ٹریفک کے دو مختلف اور دلخراش حادثات میں ایک نوجوان خاتون اور رکشہ ڈرائیور جاں بحق ہو گئے، جبکہ متعدد افراد معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔ تفصیلات کے مطابق پہلا حادثہ سوئی گیس ککس موڑ کے قریب ترنڈا روڈ پر پیش آیا، جہاں خیرپور ڈاھا سے راجن پور شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد موٹر سائیکل پر واپس جانے والے تین افراد کو تیز رفتار مسافر بس نے کراس کرتے ہوئے ٹکر مار دی۔ ٹکر کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار سڑک پر گر پڑے، اسی دوران پیچھے سے آنے والا بے قابو ٹریلر موٹر سائیکل سوار خاتون کے اوپر سے گزر گیا، جس کے باعث 22 سالہ شبانہ بی بی موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی جبکہ اس کے ہمراہ دیگر دو افراد معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔
دوسرا حادثہ علی پور روڈ پر موہانے والی موری کے مقام پر اس وقت پیش آیا جب ایک تیز رفتار ٹرک نے رکشہ کو زوردار سائیڈ ماری۔ حادثے کے نتیجے میں رکشہ ڈرائیور 40 سالہ عطا حسین ولد محمد یار ٹرک کے پہیوں تلے آکر شدید زخمی ہو گیا۔ ریسکیو 1122 کے عملے نے زخمی کو فوری طور پر سی پی آر فراہم کرتے ہوئے رورل ہیلتھ سینٹر اوچ شریف منتقل کرنے کی کوشش کی، تاہم وہ ہسپتال پہنچنے سے قبل ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ رکشہ میں سوار دیگر دو مسافر خوش قسمتی سے محفوظ رہے۔
ریسکیو ٹیموں نے دونوں حادثات کے بعد ضروری کارروائی کرتے ہوئے میتوں کو لواحقین کے حوالے کرنے کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا۔ پولیس نے دونوں مقامات پر پہنچ کر حادثات کا سبب بننے والی گاڑیوں کے خلاف قانونی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق دونوں حادثات تیز رفتاری اور لاپرواہی کے باعث پیش آئے، جس نے شادی والے گھر کی خوشیوں کو ماتم میں بدل دیا۔