ڈیرہ غازی خان (کیو این این ورلڈ) صدر گڈز ٹرانسپورٹ ڈیرہ غازی خان عبدالسلام ناصر نے ایک ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شہر میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ڈیرہ غازی خان کے تھانوں کی کارکردگی انتہائی مایوس کن ہے اور ڈکیت و چور گینگ سرعام شہریوں کو لوٹنے میں مصروف ہیں۔ گزشتہ روز سخی سرور میں ڈاکوؤں کی فائرنگ اور مزاحمت کے نتیجے میں دو نوجوانوں کی شہادت پر گڈز ٹرانسپورٹ اور جمعیت علمائے اسلام لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہیں۔
عبدالسلام ناصر نے صحافیوں کو بتایا کہ چند شرپسند عناصر اور مسلح گروہوں نے پورے شہر کو یرغمال بنا رکھا ہے۔ روزانہ کی بنیاد پر اسلحے کے زور پر دن دہاڑے موٹر سائیکلیں، نقدی اور موبائل فون چھیننے کی وارداتیں معمول بن چکی ہیں۔ انہوں نے پولیس کی کارکردگی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اگر شہری اپنی مدد آپ کے تحت کسی ڈاکو کو پکڑ بھی لیں تو پولیس اپنے روایتی سست روی کے طریقے پر عمل کرتے ہوئے تاخیر سے پہنچتی ہے، جس کی قیمت اکثر شہریوں کو اپنی جان دے کر چکانی پڑتی ہے۔
صدر گڈز ٹرانسپورٹ کا مزید کہنا تھا کہ پولیس گشت نہ ہونے کے برابر ہے جس کی وجہ سے پورا شہر ڈاکوؤں کے نرغے میں آ چکا ہے اور کوئی بھی شہری خود کو محفوظ تصور نہیں کرتا۔ انہوں نے حکومت کی خاموشی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ کی عدم توجہی کی وجہ سے جرائم پیشہ افراد بے لگام ہو چکے ہیں اور وہ کسی بھی قانون سے خوفزدہ دکھائی نہیں دیتے۔
انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور آرمی چیف سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ وہ ڈیرہ غازی خان کی سنگین صورتحال کا فوری نوٹس لیں۔ عبدالسلام ناصر نے اپیل کی کہ سیکیورٹی اداروں کو خصوصی ہدایات جاری کی جائیں تاکہ شہر میں امن و امان بحال ہو سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ڈی جی خان کے شہری اب اپنے نوجوانوں کے جنازے اٹھانے کی مزید سکت نہیں رکھتے اور اگر صورتحال بہتر نہ ہوئی تو احتجاج کا دائرہ کار وسیع کیا جائے گا۔