ممبئی: (کیو این این ورلڈ) آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے گروپ سی کے ایک اہم میچ میں ویسٹ انڈیز نے انگلینڈ کو باآسانی 30 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں اپنی طاقت کا لوہا منوا لیا ہے۔ ویسٹ انڈیز کی اس مسلسل دوسری جیت نے ٹائٹل کی دیگر امیدوار ٹیموں کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ممبئی میں کھیلے گئے اس میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ ویسٹ انڈیز نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز کا پہاڑ جیسا مجموعہ ترتیب دیا۔ ویسٹ انڈیز کی اننگز کی خاص بات ردفورڈ کی جارحانہ بلے بازی تھی جنہوں نے محض 42 گیندوں پر 76 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔ دیگر بیٹرز میں روسٹن چیز نے 34، جیسن ہولڈر نے 33 اور شمرون ہٹ مائر نے 23 رنز بنا کر ٹیم کے اسکور کو مستحکم کیا۔ انگلینڈ کی جانب سے جیمی اوورٹن اور عادل رشید نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
197 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں انگلش ٹیم دباؤ کا شکار رہی اور وقفے وقفے سے اپنی وکٹیں گنواتی رہی۔ پوری انگلش ٹیم 19 اوورز میں 166 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ سیم کرن 43 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ جیکب بیتھل نے 33، فل سالٹ نے 30 اور کپتان جوس بٹلر نے 21 رنز بنائے۔ ویسٹ انڈیز کے بولر گڈاکیش موتی نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 3 شکار کیے جبکہ روسٹن چیز نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز نے اپنے پہلے میچ میں اسکاٹ لینڈ کو بھی شکست دی تھی اور اب انگلینڈ کے خلاف اس بڑی جیت کے ساتھ وہ گروپ میں مستحکم پوزیشن حاصل کر چکے ہیں۔