رینالہ خورد: (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار لیاقت علی) تھانہ ستگھرہ میں تعینات کانسٹیبل کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے سب انسپکٹر محمد طارق زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ مرحوم ایس ایچ او کو ان کے آبائی گاؤں چک نمبر 27 فور ایل میں سرکاری اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق تین روز قبل تھانہ ستگھرہ کے کانسٹیبل عبداللہ نے نامعلوم وجوہات کی بنا پر فائرنگ کر کے اپنے ہی ایس ایچ او محمد طارق کو شدید زخمی کر دیا تھا۔ زخمی افسر کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں وہ دو روز تک زندگی اور موت کی کشمکش میں رہنے کے بعد بالآخر خالقِ حقیقی سے جا ملے۔
ایس ایچ او محمد طارق کی نمازِ جنازہ میں پولیس حکام، سیاسی و سماجی شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تدفین کے موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے مرحوم کو سلامی پیش کی، جبکہ ڈی پی او اوکاڑہ راشد ہدایت نے قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم کانسٹیبل کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے اور واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں تاکہ فائرنگ کے اصل محرکات کا پتہ لگایا جا سکے۔ اس افسوسناک واقعے پر پولیس فورس میں سوگ کی لہر دوڑ گئی ہے۔
