اسلام آباد(کیو این این ورلڈ)سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں منعقدہ ورلڈ ڈیفنس شو 2026 میں پاکستان کے سرکاری دفاعی ادارے گلوبل انڈسٹریل اینڈ ڈیفنس سلوشنز (جی آئی ڈی ایس) نے اپنی جدید ترین دفاعی ٹیکنالوجی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ’اسمیش‘ (SMASH) نامی ہائپرسونک اینٹی شپ بیلسٹک میزائل عالمی سطح پر متعارف کرا دیا ہے۔ (کیو این این ورلڈ) یہ میزائل جدید جنگی تقاضوں کے عین مطابق سمندر میں متحرک اہداف کو نشانہ بنانے کے ساتھ ساتھ زمینی دفاعی تنصیبات کو تباہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ کمپنی حکام کے مطابق اسمیش میزائل کو خاص طور پر انتہائی تیز رفتاری اور غیر معمولی درستگی کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے، جو تقریباً عمودی زاویے سے حملہ آور ہو کر دشمن کے جدید ترین فضائی اور میزائل ڈیفنس سسٹمز کو ناکارہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

تکنیکی اعتبار سے اینٹی شپ ورژن میں اس میزائل کی رینج 290 کلومیٹر ہے اور یہ 384 کلوگرام وزنی وارہیڈ کے ساتھ اپنے ہدف پر برق رفتاری سے گرتا ہے۔ اس میں نیویگیشن کے لیے ایچ ڈی جی این ایس اسسٹڈ اینرشیل سسٹم اور ایکٹو ریڈار سِیکر استعمال کیا گیا ہے جو اسے ہدف کی درست نشاندہی میں مدد فراہم کرتا ہے۔ میزائل میں سنگل اسٹیج، ڈوئل تھرسٹ سالڈ راکٹ موٹر نصب ہے، جس کی بدولت ٹرمینل فیز میں اس کی رفتار آواز کی رفتار سے دو گنا زیادہ ہو جاتی ہے، جبکہ اس کی ہدف کو نشانہ بنانے کی درستگی (سی ای پی) 10 میٹر یا اس سے بھی کم ریکارڈ کی گئی ہے۔

زمینی اہداف کے لیے تیار کردہ ورژن میں بھی میزائل کی رینج 290 کلومیٹر برقرار رکھی گئی ہے، تاہم اس میں وارہیڈ کی تباہ کاری کی صلاحیت بڑھانے کے لیے اس کا وزن 444 کلوگرام رکھا گیا ہے۔ جی آئی ڈی ایس کا کہنا ہے کہ اس میزائل کو ’دوہرے کردار‘ کی صلاحیت کے تحت تیار کرنے کا مقصد لاجسٹک نظام کو سادہ بنانا اور دفاعی اخراجات میں کمی لانا ہے تاکہ ایک ہی پلیٹ فارم سے مختلف نوعیت کے مشن سرانجام دیے جا سکیں۔ دفاعی ماہرین کا ماننا ہے کہ عالمی سطح پر طویل فاصلے تک درست نشانہ لگانے والے ہتھیاروں کی بڑھتی ہوئی مانگ کے پیش نظر ’اسمیش‘ میزائل بین الاقوامی دفاعی مارکیٹ میں پاکستان کے وقار میں اضافے کا باعث بنے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے