کوئٹہ (کیو این این ورلڈ/ویب ڈیسک)بلوچستان سے اندرونِ ملک کے لیے چلنے والی ٹرین سروس ایک بار پھر معطل کر دی گئی ہے، جس کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
ریلوے حکام کے مطابق آج پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس اور کوئٹہ سے چمن جانے والی چمن پیسنجر ٹرین منسوخ کر دی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ پشاور سے کوئٹہ آنے والی جعفر ایکسپریس کو بھی جیکب آباد پہنچنے کے بعد واپس کر دیا جائے گا۔
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ ٹرین سروس ناگزیر وجوہات کی بنا پر معطل کی گئی ہے، تاہم وجوہات کی تفصیل فوری طور پر سامنے نہیں آ سکی۔ حکام کے مطابق صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور حالات بہتر ہوتے ہی ٹرین سروس بحال کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
یاد رہے کہ دو روز قبل بھی محکمہ ریلویز کی جانب سے کوئٹہ سے اندرونِ ملک اور چمن کے لیے ٹرین سروس معطل رکھنے کا اعلان کیا گیا تھا، جس کے بعد مسافروں میں بے چینی پائی جا رہی ہے۔
ریلوے حکام کے مطابق بلوچستان سے اندرونِ ملک اور چمن کے لیے ٹرین سروس کی معطلی کے باعث محکمہ ریلویز کو اب تک 30 لاکھ روپے سے زائد کا مالی نقصان ہو چکا ہے، جبکہ روزانہ کی بنیاد پر نقصان میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔
مسافروں اور عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ٹرین سروس کی جلد از جلد بحالی کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ہو اور ریلوے کو ہونے والے مالی نقصان سے بھی بچا جا سکے۔