مسقط (کیو این این ورلڈ)امریکا اور ایران کے درمیان جوہری مذاکرات آج عمان کے دارالحکومت مسقط میں ہوں گے، جس کے لیے دونوں ممالک کے اعلیٰ سطحی نمائندے عمان پہنچ گئے ہیں۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور امریکی نمائندہ خصوصی برائے مشرق وسطیٰ سٹیو وٹکوف مذاکرات میں شرکت کے لیے مسقط پہنچ چکے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق امریکی وفد میں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر بھی شامل ہیں، جو سٹیو وٹکوف کے ہمراہ عمان آئے ہیں۔

دوسری جانب ترجمان ایرانی وزارت خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ وزیر خارجہ عباس عراقچی آج صبح مسقط میں امریکا کے ساتھ جوہری مذاکرات میں شریک ہوں گے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ ایران ان مذاکرات میں پورے اختیار کے ساتھ شرکت کر رہا ہے اور اس کا مقصد ایک منصفانہ، باہمی طور پر قابلِ قبول اور باوقار مفاہمت تک پہنچنا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل امریکا اور ایران کے درمیان جوہری مذاکرات جمعے کو ترکیہ کے شہر استنبول میں شیڈول تھے، تاہم ایران کی جانب سے مذاکرات کے مقام کی تبدیلی کا مطالبہ کیا گیا تھا، جس کے بعد بات چیت استنبول سے عمان منتقل کر دی گئی۔

ایرانی حکام کے مطابق ایران نے مذاکرات کا مقام تبدیل کرنے کے ساتھ ساتھ اس بات پر بھی زور دیا تھا کہ مذاکرات میں کسی علاقائی شراکت دار کو شامل نہ کیا جائے اور بات چیت کو صرف اور صرف جوہری معاملات تک محدود رکھا جائے۔

مبصرین کے مطابق یہ مذاکرات خطے کی مجموعی صورتحال اور ایران امریکا تعلقات کے مستقبل کے لیے غیر معمولی اہمیت کے حامل سمجھے جا رہے ہیں، جبکہ عالمی برادری کی نظریں بھی ان بات چیت پر مرکوز ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے