گھوٹکی (کیو این این ورلڈ/نامہ نگارمشتاق علی لغاری) مقبوضہ کشمیر کے مظلوم بھائیوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور بھارتی مظالم کے خلاف جماعت اسلامی ضلع گھوٹکی کے زیرِ اہتمام ڈہرکی شہر میں ایک پُرامن ریلی نکالی گئی۔ اس موقع پر شرکاء نے "کشمیر بنے گا پاکستان” اور آزادی کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے، جس سے فضا گونج اٹھی۔ ریلی کا مقصد عالمی برادری کی توجہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی جانب مبذول کروانا اور کشمیریوں کی اخلاقی و سیاسی حمایت کا اعادہ کرنا تھا۔

یہ یکجہتی ریلی ڈہرکی کے مین روڈ پر واقع الخدمت کلینک کے سامنے سے شروع ہوئی، جس میں جماعت اسلامی اور اسلامی جمعیت طلبہ کے کارکنان کے علاوہ شہریوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیریوں کے حقِ خود ارادیت کی حمایت میں نعرے درج تھے۔ ریلی کی قیادت ناظم اسلامی جمعیت طلبہ ڈہرکی مدثر حسین ابڑو کر رہے تھے، جبکہ معتمد اسد علی آرائیں اور دیگر مقامی رہنما بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور اس کے بغیر پاکستان نامکمل ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی کو کبھی تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے۔ مقررین نے بھارتی حکومت کی جابرانہ پالیسیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ ظلم و ستم کے ذریعے کشمیریوں کی آواز کو دبایا نہیں جا سکتا۔

رہنماؤں نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ وادی میں ہونے والے بھارتی مظالم کا فوری نوٹس لیں اور کشمیری عوام کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ان کا بنیادی حقِ خود ارادیت دلانے کے لیے عملی اقدامات کریں۔ مقررین کا کہنا تھا کہ خطے میں پائیدار امن کا قیام مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے بغیر ممکن نہیں ہے۔ ریلی اپنے طے شدہ راستوں سے ہوتی ہوئی پُرامن طور پر اختتام پذیر ہوئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے