لاہور (کیو این این ورلڈ)انفارمیشن ٹیکنالوجی کے میدان میں پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن کرنے والی غیر معمولی ذہانت کی حامل ارفع کریم رندھاوا کی آج سالگرہ منائی جا رہی ہے۔
ارفع کریم 2 فروری 1995ء کو فیصل آباد کے گاؤں رام دیوالی میں پیدا ہوئیں۔ انہوں نے محض 9 برس کی عمر میں آئی ٹی کی دنیا میں نمایاں مقام حاصل کیا اور کم عمری میں ہی سافٹ ویئر سرٹیفکیشن حاصل کر کے عالمی سطح پر پہچان بنائی۔
2005ء میں مائیکرو سافٹ کارپوریشن کی جانب سے ارفع کریم کو مائیکرو سافٹ ایپلی کیشنز سرٹیفائیڈ پروفیشنل کا اعزاز دیا گیا۔ اس موقع پر مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس نے انہیں خصوصی طور پر امریکا مدعو کر کے ملاقات بھی کی۔
ارفع کریم کو ان کی شاندار صلاحیتوں اور خدمات کے اعتراف میں فاطمہ جناح گولڈ میڈل، سلام پاکستان یوتھ ایوارڈ اور صدارتی تمغہ حسنِ کارکردگی سمیت متعدد اعزازات سے نوازا گیا۔ جنوری 2012ء میں اس وقت کے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے ان کے نام پر یادگاری ڈاک ٹکٹ جاری کرنے کی منظوری بھی دی۔
ان کے غیر معمولی کارناموں کے اعتراف میں پنجاب حکومت نے لاہور میں قائم آئی ٹی ٹاور اور ان کے آبائی گاؤں کو ارفع کریم کے نام سے منسوب کیا، جو آج بھی نوجوان نسل کے لیے علم، محنت اور جدت کی علامت ہیں۔