سرگودھا (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار)سرگودھا کے نواحی گاؤں تنکی والا میں ایک سفاک واقعہ پیش آیا، جہاں خاتون کو اس کے شوہر اور دیور نے مبینہ طور پر قتل کر دیا۔ ملزمان نے قتل کے بعد خاتون کی موت کو طبعی قرار دے کر خاموشی سے تدفین بھی کر دی۔
ذرائع کے مطابق میت کو غسل دینے والی خاتون نے مقتولہ کے گلے پر تشدد کے واضح نشانات دیکھے، جس پر اہلِ محلہ کو آگاہ کیا گیا۔ اہل محلہ کی اطلاع پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کر لیا اور مقدمہ درج کر لیا۔
پولیس کے مطابق مجسٹریٹ کی منظوری کے بعد میڈیکل بورڈ کے ذریعے لاش کا پوسٹ مارٹم کرایا جائے گا، جس سے موت کی اصل وجوہات کا تعین کیا جا سکے گا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔