اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف ملک ظفر) دیپالپور کے نواحی علاقے میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ مقابلے کے نتیجے میں ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، جبکہ اس کا ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق دو مسلح ڈاکو ایک شہری سے موٹرسائیکل چھین کر فرار ہو رہے تھے کہ پکار 15 پر اطلاع موصول ہوتے ہی ایس ایچ او سٹی دیپالپور اور ان کی ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کا تعاقب شروع کر دیا۔

پولیس کے تعاقب کے دوران رتہ کھنہ روڈ پر ڈاکوؤں کی موٹرسائیکل اچانک بے قابو ہو کر گر گئی، جس کے بعد ملزمان نے گرفتاری کے ڈر سے پولیس ٹیم پر سیدھی فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس نے بھی حفاظتِ خود اختیاری کے تحت جوابی فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں کراس فائرنگ کے دوران ایک ڈاکو زخمی ہو گیا جسے پولیس نے فوری طور پر قابو کر لیا۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے حال ہی میں چھینی گئی موٹرسائیکل اور واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ برآمد کر لیا ہے، تاہم اس کا دوسرا ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب رہا۔

ابتدائی تحقیقات اور ریکارڈ کی جانچ پڑتال کے دوران معلوم ہوا ہے کہ گرفتار ہونے والا ڈاکو منشیات فروشی اور دھوکہ دہی کے 5 سنگین مقدمات میں مطلوب تھا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی اے ایس پی دیپالپور بھی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور زخمی ڈاکو کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے فرار ہونے والے دوسرے ڈاکو کی گرفتاری کے لیے علاقے کی ناکہ بندی کر کے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے اور حکام کا دعویٰ ہے کہ اسے بھی جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے