لاہور (کیو این این ورلڈ)پنجاب میں پاکستان کی پہلی ایگری کلچر فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی قائم کر دی گئی ہے، جس کا افتتاح لاہور میں وزیراعظم شہباز شریف نے کیا۔
افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نے اتھارٹی کے قیام کو حفظانِ صحت کے معیار کو یقینی بنانے اور عوام کو محفوظ غذائی اشیاء فراہم کرنے کے لیے ایک تاریخی قدم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اتھارٹی نہ صرف پنجاب بلکہ پورے ملک کی خدمت کرے گی اور فوڈ سکیورٹی، غذائیت کی فراہمی، اور ملاوٹ کے خاتمے میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ خوراک، زرعی مصنوعات اور ادویات کی شفاف نگرانی کے لیے ریگولیٹری ادارے کا قیام وقت کی ضرورت ہے، تاکہ صارفین اور برآمدکنندگان دونوں کو عالمی معیار کے مطابق فائدہ پہنچ سکے۔
تقریب سے خطاب میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ پاکستان ایک زرعی ملک ہونے کے باوجود اس وقت جدید ٹیسٹنگ لیب کی کمی کا سامنا تھا، جس کے باعث نہ صرف برآمدکنندگان بلکہ صارفین کو بھی نقصان اٹھانا پڑ رہا تھا۔ انہوں نے اتھارٹی کے قیام کو عالمی معیار کی نگرانی اور ٹیسٹنگ کی راہ میں اہم پیش رفت قرار دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ مریم نواز نے تقریب میں خواتین سائنسدانوں کے لیے ہاسٹل کا بھی افتتاح کیا، جس سے خواتین کو جدید تحقیق اور سائنس کے شعبے میں مواقع فراہم ہوں گے۔
تقریب میں صوبائی اور وفاقی وزراء، اعلیٰ حکام، سائنسدان، اور میڈیا نمائندگان بھی موجود تھے۔ اتھارٹی کے قیام سے پنجاب میں خوراک، ادویات اور زرعی مصنوعات کی نگرانی کے جدید نظام کی شروعات ہو گئی ہے، جس کا مقصد عوام کو محفوظ غذائی اور ادویاتی اشیاء فراہم کرنا اور ملاوٹ پر مکمل قابو پانا ہے۔