اوچ شریف (کیو این این ورلڈ) گورنمنٹ مخدوم سید شمس الدین گیلانی ایسوسی ایٹ کالج میں "منشیات سے انکار- صحت مند سماج” کے عنوان سے ایک پروقار آگاہی تقریب منعقد ہوئی، جس کی صدارت پرنسپل پروفیسر ممتاز ذیشان ڈاہر نے کی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈائریکٹر پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس بہاولپور ڈویژن، لیفٹیننٹ کرنل (ریٹائرڈ) احمر نثار ستی (تمغہ امتیاز ملٹری) تھے۔ انہوں نے اساتذہ اور طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے خبردار کیا کہ منشیات نہ صرف خاندانوں اور معاشرے کو تباہ کرتی ہیں بلکہ ملک کی حقیقی خوشحالی کی راہ میں بھی سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈرگز انسانی ذہنی صلاحیتوں کو مفلوج کر دیتی ہیں، اس لیے نوجوان نسل کو ہر قسم کے نشے سے دور رہ کر اعلیٰ تعلیم، تربیت اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے کامیابی کی راہیں تلاش کرنی چاہئیں۔
لیفٹیننٹ کرنل (ر) احمر نثار ستی نے پروجیکٹر کی مدد سے منشیات کی مختلف اقسام، ان کی ہولناک ساخت اور انسانی جسم پر مرتب ہونے والے نقصانات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر کاؤنٹر نارکوٹکس فورس پورے صوبے بالخصوص بہاولپور ڈویژن میں منشیات کی روک تھام کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور اس موذی مرض کے خاتمے کے لیے فورس پوری ایمانداری سے برسرِ پیکار ہے۔ تقریب کے دوران طلبہ نے منشیات کے تدارک کے حوالے سے اہم سوالات کیے، جن کے تسلی بخش جوابات دیے گئے۔ ہال میں موجود اسٹیج سیکرٹری پروفیسر حافظ خالد محمود نے "منشیات کے خلاف جنگ- پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کے سنگ” اور "ڈرگ فری بہاولپور” کے فلک شگاف نعرے لگوائے، جس سے شرکاء کا جذبہ دیدنی تھا۔
تقریب کے اختتام پر پرنسپل پروفیسر ذیشان ممتاز ڈاہر نے معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ تعلیمی ادارے طلبہ کو اس لعنت سے بچانے کے لیے اپنا کلیدی کردار ادا کرتے رہیں گے۔ تقریب کا باقاعدہ اختتام قومی ترانے پر ہوا، جبکہ اس موقع پر انسپکٹر افتخار احمد، ان کی ٹیم اور کالج کے سینئر اساتذہ کرام بشمول پروفیسر محمد اجمل سیال، پروفیسر جام صفدر، پروفیسر ملک سہیل وارن، پروفیسر ملک وزیر رچنڑ سمیت طلبہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔ انتظامیہ کے مطابق اس مہم کا مقصد تعلیمی اداروں کو منشیات سے پاک کر کے ایک صحت مند نسل کی آبیاری کرنا ہے۔

