اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف ملک ظفر) ضلع اوکاڑہ کے پبلک پارکس کی خوبصورتی اور تزئین و آرائش کے لیے ہارٹیکلچر ایجنسی کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ڈی سی آفس کے لان میں ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی، جس میں ایم این اے چوہدری ریاض الحق جج، ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید اور ایم پی اے میاں محمد منیر نے ایجنسی کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ضلعی انتظامیہ کے افسران، میڈیا نمائندگان اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کی بڑی تعداد موجود تھی۔ تقریب کے اختتام پر معزز مہمانوں نے ڈی سی آفس کے لان میں پودے لگا کر شجرکاری مہم کا آغاز بھی کیا۔

ممبر قومی اسمبلی چوہدری ریاض الحق جج نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ عوام سے کیے گئے وعدوں کو پایا تکمیل تک پہنچا رہے ہیں۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل کی ضروریات کے مطابق جدید طرز کے پارکس بنائے جائیں گے اور ریلوے لائن کے ساتھ موجود فلتھ ڈپوؤں کو ختم کر کے انہیں خوبصورت پھولوں اور پودوں سے مزین کیا جائے گا تاکہ عوام کو تفریح کے بہترین مواقع میسر آسکیں۔

ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے ایجنسی کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ہارٹیکلچر ایجنسی میں ضلع کونسل اور میونسپل کمیٹی سے پارکس کا عملہ شامل کیا گیا ہے، جو ایک منظم فورس کے طور پر گرین بیلٹس اور پارکس کی دیکھ بھال کرے گا۔ انہوں نے اسے ضلع کی تعمیر و ترقی کے سفر میں ایک اہم کڑی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے شہر کی خوبصورتی میں نمایاں بہتری آئے گی۔

ایم پی اے میاں محمد منیر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی قیادت میں عوام کے دیرینہ مسائل حل کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے ہارٹیکلچر ایجنسی کے قیام کو سنگ میل قرار دیتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوام کی فلاح و بہبود اور ضلع کی خوبصورتی کے لیے ترقی کا یہ سفر تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے