اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف ملک ظفر) ڈی پی او آفس میں تقریبِ تقسیمِ مالِ مسروقہ کا انعقاد کیا گیا، جس میں پولیس کی جانب سے مختلف کارروائیوں کے دوران برآمد کیا گیا سامان اصل مالکان کے حوالے کر دیا گیا۔ پولیس نے مؤثر اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے ساڑھے چھ لاکھ روپے سے زائد مالیت کا مسروقہ مال برآمد کیا، جس میں 5 موٹر سائیکلیں اور 50 ہزار روپے نقد رقم شامل ہے۔
یہ اہم ریکوریاں آر پی او ساہیوال محمد ایاز سلیم کی جانب سے تھانہ حویلی لکھا میں منعقدہ کھلی کچہری کے دوران شہریوں کی جانب سے دی گئی درخواستوں پر فوری عمل درآمد کے نتیجے میں ممکن ہوئیں۔ آر پی او کی ہدایات پر پولیس ٹیموں نے تندہی سے کام کرتے ہوئے قلیل وقت میں ملزمان کا سراغ لگایا اور مسروقہ سامان برآمد کر کے پولیس کی کارکردگی کو ثابت کیا۔
تقریب کے دوران اپنا سامان واپس پانے والے شہریوں نے پولیس کی فوری داد رسی، شفاف تفتیش اور مؤثر کارکردگی کو بھرپور طریقے سے سراہا اور پولیس حکام کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر پولیس حکام کا کہنا تھا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ، فوری انصاف کی فراہمی اور عوامی اعتماد کا فروغ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ اسی طرح جاری رہے گا۔