اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے تعلیمی ویژن اور صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی خصوصی ہدایات پر عمل درآمد کرتے ہوئے گورنمنٹ گریجویٹ کالج اوکاڑہ میں ٹیسٹ کی بنیاد پر نمایاں کارکردگی دکھانے والے پوزیشن ہولڈر طلبہ میں تعریفی اسناد تقسیم کر دی گئیں۔

اس موقع پر طلبہ کی تعلیمی کارکردگی، دلچسپی اور نتائج سے والدین کو آگاہ کرنے کے لیے ٹیچر-پیرنٹس میٹنگ کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں اساتذہ اور والدین نے بھرپور شرکت کی۔ میٹنگ کا بنیادی مقصد طلبہ کی تعلیمی پیش رفت کا جائزہ لینا اور والدین و اساتذہ کے باہمی اشتراک سے بہتر نتائج کا حصول تھا۔

پرنسپل پروفیسر علی حیدر ڈوگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "سرکاری تعلیمی اداروں میں معیاری تعلیم کے ساتھ جدید تدریسی طریقوں کو اپنایا جا رہا ہے تاکہ طلبہ کو بہتر، سازگار اور ہمہ جہت تعلیمی ماحول فراہم کیا جا سکے۔” انہوں نے مزید کہا کہ "والدین کو طلبہ کی تعلیمی دلچسپی اور نتائج سے باخبر رکھنا ضروری ہے کیونکہ والدین اور اساتذہ کا باہمی تعاون ہی تعلیمی کامیابی کی ضمانت ہے۔”

پرنسپل نے بتایا کہ حکومتِ پنجاب تعلیم کے شعبے میں اصلاحات کے ذریعے طلبہ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے جن کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ تقریب کے اختتام پر پوزیشن ہولڈر طلبہ میں تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں اور ان کی حوصلہ افزائی کی گئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے