اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیوروچییف ملک ظفر) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر محمد آصف طفیل نے ضلع اوکاڑہ کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے ڈی ایچ کیو ہسپتال سٹی، ریڑھی بازار، انڈر گراؤنڈ واٹر سٹوریج منصوبے اور شہر کی خوبصورتی کے اقدامات کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل احمد سلیم چشتی، اسسٹنٹ کمشنر احمد شیر گوندل اور ایم ڈی واسا عبد الوحید بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ایم ڈی واسا نے انڈر گراؤنڈ واٹر سٹوریج ٹینک کی تعمیر پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس منصوبے سے شہر میں بارش کے پانی کے نکاس کا دیرینہ مسئلہ حل ہو جائے گا۔ کمشنر ساہیوال نے کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت ضلع کی فلاح و بہبود کے لیے خطیر فنڈز فراہم کر رہی ہے۔

بعد ازاں ڈاکٹر محمد آصف طفیل نے ہسپتال بازار، کچہری بازار اور گول چوک میں جاری ترقیاتی کاموں کے معیار اور مٹیریل کا معائنہ کیا۔ انہوں نے دکانداروں کی سہولت کے لیے ملبہ فوری اٹھانے اور منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ محبوب عالم چوک میں قائم ریڑھی بازار کے دورے کے دوران انہوں نے اشیائے ضروریہ کی قیمتیں اور معیار چیک کیا، تاہم ریڑھیوں کی ابتر حالت پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے ریڑھی بانوں کو صفائی ستھرائی کی ذمہ داری کا احساس دلایا۔ انہوں نے وہاں خریداری کے لیے آنے والے شہریوں سے دستیاب سہولیات کے بارے میں دریافت بھی کیا۔

ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال سٹی کے دورے کے موقع پر کمشنر ساہیوال نے مختلف شعبہ جات اور میڈیسن اسٹور کے ریکارڈ کا معائنہ کیا اور زیر علاج مریضوں کی عیادت کی۔ انہوں نے ڈاکٹرز کو ہدایت کی کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کے ویژن کے مطابق مریضوں کو مفت ادویات اور علاج کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں اور عملہ مریضوں کے ساتھ حسن سلوک سے پیش آئے۔ دورے کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر آفس میں انتظامی افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے تاکید کی کہ تمام افسران عوامی فلاحی منصوبوں کی ذاتی طور پر نگرانی کریں اور عوامی مسائل کے حل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے