ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ/احسان اللہ ایاز کی رپورٹ) ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ نے پریس کلب کا دورہ کیا، ان کے ہمراہ اسسٹنٹ کمشنر ننکانہ ثناء شرافت، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر محمد تصور چوہدری، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ حماد یوسف اور ایکسین بلڈنگ کاشف خورشید بھی موجود تھے۔ پریس کلب پہنچنے پر صدر پریس کلب چوہدری افضل حق خان، دیگر عہدیداروں اور صحافی برادری نے معزز مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا، جس کے بعد ڈپٹی کمشنر نے زیر تعمیر پریس کلب کی عمارت کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر صدر پریس کلب نے انہیں عمارت کا نقشہ پیش کیا جس پر ڈپٹی کمشنر نے ایکسین بلڈنگ کو ہدایت جاری کی کہ پریس کلب کے نقشے کو جدید تقاضوں کے مطابق مزید بہتر بنایا جائے۔

ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے صحافی برادری سے گفتگو کرتے ہوئے انہیں پریس کلب کی تعمیر پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ننکانہ صاحب کو عالمی شہر کا درجہ حاصل ہے جہاں ہر سال دنیا بھر سے لاکھوں زائرین اور سیاح آتے ہیں، اس تناظر میں یہاں ایک سٹیٹ آف دی آرٹ پریس کلب وقت کی اہم ضرورت تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا ریاست کا چوتھا ستون ہے جو قومی تعمیر و ترقی میں تاریخی کردار ادا کر رہا ہے، لہٰذا ضلعی انتظامیہ صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گی اور صحافی برادری کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ضلع کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی کے سفر میں میڈیا کو انتظامیہ کا دست و بازو بننا ہو گا تاکہ ہم سب مل کر ننکانہ صاحب کو بہتر طور پر سنوار سکیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے