بنگلہ دیش (کیو این این ورلڈ) کوکس بازار کے علاقے میں واقع روہنگیا مہاجر کیمپ میں ہولناک آتشزدگی کے نتیجے میں 400 سے 500 شیلٹرز مکمل طور پر جل کر خاکستر ہو گئے ہیں جس کے باعث سینکڑوں پناہ گزین ایک بار پھر محفوظ مقام کی تلاش میں دربدر ہو گئے ہیں۔ مقامی فائر سروس حکام کے مطابق آگ منگل کی صبح قریباً ساڑھے تین بجے لگی اور دیکھتے ہی دیکھتے پھیل گئی جس نے آس پاس کے عارضی مکانوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ اطلاع ملتے ہی فائر فائٹنگ کے دو یونٹس روانہ کیے گئے جنہوں نے قریباً 4 گھنٹے کی جدوجہد کے بعد صبح ساڑھے سات بجے آگ پر قابو پایا تاہم اس وقت تک وسیع پیمانے پر مالی نقصان ہو چکا تھا۔ حکام کے مطابق اس واقعے میں 4 سے 5 افراد معمولی زخمی ہوئے ہیں لیکن خوش قسمتی سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق آگ ممکنہ طور پر کیمپ کے ایک کچن میں موجود کوکنگ اسٹوو سے لگی تاہم اصل وجہ کے تعین کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔ انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن (آئی او ایم) نے تصدیق کی ہے کہ آگ سے 500 سے زائد شیلٹرز تباہ ہونے سے کئی خاندان بے گھر ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ روہنگیا کیمپوں میں آتشزدگی کے واقعات میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے، اس سے قبل 26 دسمبر کو بھی ایک اسپتال آگ کی نذر ہو گیا تھا جبکہ ایک روز قبل ہی ایک اور کیمپ میں 10 سے زیادہ شیلٹرز متاثر ہوئے تھے۔ فی الوقت حکام اور انسانی حقوق کی تنظیمیں نقصان کا تخمینہ لگا رہی ہیں اور متاثرہ پناہ گزینوں کو فوری امداد فراہم کرنے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے