سوئٹزرلینڈ (کیو این این ورلڈ) وزیراعظم پاکستان شہباز شریف ورلڈ اکنامک فورم کے 56ویں سالانہ اجلاس میں شرکت کے لیے یہاں پہنچ گئے ہیں جہاں زیورخ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل نمایندے محمد بلال، سوئٹزرلینڈ میں پاکستان کے سفیر مرغوب سلیم اور پاکستانی سفارتی عملے نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ وزیراعظم کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطح کا وفد بھی موجود ہے جس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی شامل ہیں۔
ورلڈ اکنامک فورم کے اس اہم اجلاس کے دوران وزیراعظم مختلف سیشنز میں شرکت کریں گے جبکہ اس موقع پر ان کی عالمی رہنماؤں سے اہم سائیڈ لائن ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔ وزیراعظم پاکستان کی میزبانی اور ورلڈ اکنامک فورم کی شراکت داری سے منعقد ہونے والی خصوصی بزنس راؤنڈ ٹیبل میں بھی شریک ہوں گے جہاں وہ عالمی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیں گے۔ اجلاس کے دوران وزیراعظم پاکستان میں معاشی استحکام کے لیے جاری حکومتی اصلاحات، بہتر ہوتے ہوئے معاشی اشاریوں اور ملک میں موجود وسیع تر سرمایہ کاری کے مواقع پر روشنی ڈالیں گے، اس کے ساتھ ساتھ وہ پاکستان کے استحکام کے لیے متعارف کرائے گئے خصوصی ‘ٹرپل او’ پروگرام (آرڈر، آپرچونیٹی، آپٹیمائزیشن) کے خدوخال پر بھی تفصیلی گفتگو کریں گے۔