لندن (کیو این این ورلڈ) گورنر پنجاب سردار سلیم خان نے لندن میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر اللہ تعالیٰ کا انعام اور ایک انتہائی ایماندار انسان ہیں جن کی واحد خواہش اپنے ملک کے لیے کچھ کر گزرنا ہے، اس موقع پر انہوں نے مسلح افواج کے تینوں سربراہان کو بھی شاندار خراج تحسین پیش کیا۔ گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ جنگ جیتنے کے بعد تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ پوری دنیا ہماری بات توجہ سے سن رہی ہے، ماضی میں ہمارے صدور اور وزرائے اعظم کو امریکی حکمرانوں کے ساتھ ناشتے کی میز پر بیٹھنے کے لیے ادائیگیاں کرنا پڑتی تھیں لیکن اب پہلی بار امریکی صدر خود پاکستانی قیادت کو مدعو کر رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے اور کبھی جنگ کی خواہش نہیں رکھتا لیکن بھارت نے ہمیشہ ہم پر جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی ہے۔

سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے سردار سلیم خان نے انکشاف کیا کہ صدر آصف علی زرداری نے حکومت سازی کے لیے سب سے پہلے پی ٹی آئی کو پیشکش کی تھی لیکن ان کے انکار کے بعد پیپلز پارٹی کو بامر مجبوری مسلم لیگ (ن) کے ساتھ اتحاد کرنا پڑا۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ علی امین گنڈا پور کو پنجاب اور سندھ میں بھرپور عزت دی گئی لیکن افسوس کہ انہوں نے اس کا پاس نہیں رکھا۔ گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ موجودہ عسکری اور سیاسی قیادت ملک کو درست سمت میں لے جانے کے لیے پرعزم ہے اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا وقار بلند ہوا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے