میڈرڈ (کیو این این ورلڈ) یورپی ملک سپین کے جنوبی علاقے میں دو مسافر ٹرینوں کے درمیان ہونے والے ہولناک تصادم کے نتیجے میں 21 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔ برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق میڈرڈ سے ہیولوا جانے والی تیز رفتار ٹرین اچانک پٹری سے اتر کر مخالف سمت سے آنے والی ٹرین سے ٹکرا گئی، جس کے باعث دونوں ٹرینیں الٹ گئیں۔ تصادم کی شدت اس قدر زیادہ تھی کہ بوگیاں ایک دوسرے پر چڑھ گئیں اور ٹرین کا ٹریک کئی مقامات سے اکھڑ گیا۔ اس دلخراش حادثے میں میڈرڈ سے جانے والی ٹرین کا ڈرائیور بھی موقع پر ہی دم توڑ گیا، جبکہ مجموعی طور پر 21 ہلاکتوں کی تصدیق ہو چکی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے کے وقت ایک ٹرین میں 300 اور دوسری میں تقریباً 100 مسافر سوار تھے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں، فائر بریگیڈ اور طبی عملہ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گیا اور امدادی کارروائیوں کا آغاز کر دیا گیا۔ تمام زخمیوں کو قریبی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں طبی حکام کے مطابق 21 زخمیوں کی حالت انتہائی نازک ہے، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
سپین کے وزیراعظم پیڈرو سانچیز نے ٹویٹر پر اپنے تعزیتی پیغام میں حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو امدادی کارروائیوں میں ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ دوسری جانب سپین کے وزیر ٹرانسپورٹ نے بھی واقعے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے اور حادثے کی وجوہات کا تعین کرنے کے لیے اعلیٰ سطحی باضابطہ تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ حادثے کے بعد علاقے میں ٹرین سروس کو عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔