گھوٹکی (کیو این این ورلڈ)اباڑو میں مرید شاخ کے وسطی علاقے میں گنے سے بھری ٹرالی الٹنے کے باعث مرکزی شاہراہ مکمل طور پر بند ہوگئی ہے، جس کے نتیجے میں گزشتہ تین گھنٹوں سے شہر بھر کی ٹریفک معطل اور نظامِ زندگی درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے۔ سڑک کی بندش کے باعث کاروباری مراکز ٹھپ اور مزدور طبقہ بے روزگار ہو چکا ہے، جبکہ ہسپتال جانے والے مریض، خواتین، بزرگ اور اسکول کے بچے شدید گرمی اور رش میں سڑکوں پر پھنس کر رہ گئے ہیں۔ افسوسناک امر یہ ہے کہ کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود ٹرالی کو سڑک سے ہٹانے کے لیے کوئی انتظام نہیں کیا گیا، جس سے شہریوں کی مشکلات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

علاقہ مکینوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ تعلقہ اوباوڑو میں چار شوگر ملیں فعال ہونے کے باوجود گنے سے لدی بھاری ٹرالیاں متبادل راستوں کے بجائے شہر کے وسطی علاقوں سے گزر رہی ہیں، جس کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ شہر لاوارث بن چکا ہے اور موقع پر نہ تو ٹریفک پولیس موجود ہے اور نہ ہی ضلعی انتظامیہ کا کوئی اہلکار نظر آ رہا ہے۔ عوامی حلقوں نے اعلیٰ حکام، ضلعی انتظامیہ اور شوگر مل مالکان سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر ہیوی مشینری کے ذریعے ٹرالی کو ہٹا کر ٹریفک بحال کی جائے اور آئندہ ایسے واقعات کے سدِباب کے لیے گنے کی ٹرالیوں کے لیے شہر سے باہر علیحدہ راستے متعین کیے جائیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے