کراچی (کیو این این ورلڈ) شہرِ قائد کے قدیم تجارتی مرکز ‘گل پلازہ’ میں لگنے والی ہولناک آگ نے بالآخر عمارت کو زمین بوس کر دیا ہے، جس کے نتیجے میں ایک فائر فائٹر سمیت 6 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ہفتے کی رات گئے پلازہ کے گراؤنڈ فلور سے شروع ہونے والی آگ نے انتہائی قلیل وقت میں پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے بعد تیسرے درجے کی اس آتشزدگی کے باعث عمارت کے تین میں سے دو حصے مکمل طور پر منہدم ہو گئے۔ عمارت کے حصے گرنے کی ویڈیوز بھی منظرِ عام پر آچکی ہیں، جس میں کثیر المنزلہ ڈھانچے کو زمین بوس ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔ ریسکیو حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ملبے تلے متعدد افراد دبے ہو سکتے ہیں کیونکہ آتشزدگی کے بعد سے کئی افراد کے لاپتا ہونے کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔

فائر بریگیڈ حکام کی جانب سے آگ پر مکمل قابو پانے کے لیے جدوجہد تاحال جاری ہے، تاہم عمارت کے گرنے اور شدید تپش کے باعث امدادی کارروائیوں میں سخت دشواری کا سامنا ہے۔ آگ نے عمارت کے اندر موجود ایک ہزار سے زائد دکانوں اور گوداموں کو راکھ کا ڈھیر بنا دیا ہے، جس سے تاجر برادری کو اربوں روپے کا ناقابلِ تلافی مالی نقصان پہنچا ہے۔ ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ عمارت مکمل طور پر جل کر کھوکھلی ہو چکی تھی، جس کی وجہ سے وہ آگ کی حدت برداشت نہ کر سکی اور گر گئی۔ اس وقت تمام تر توجہ ملبے تلے دبے ممکنہ افراد کو نکالنے اور آگ کو مزید پھیلنے سے روکنے پر مرکوز ہے، جبکہ علاقے میں خوف و ہراس کی فضا برقرار ہے اور ایم اے جناح روڈ کو آمد و رفت کے لیے مکمل بند رکھا گیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے