گھوٹکی (کیو این این ورلڈ/نامہ نگارمشتاق علی لغاری) ضلع گھوٹکی میں پولیس نے مختلف مقامات پر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے تین مقابلوں کے بعد تین خطرناک ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا، جبکہ ان کے متعدد ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ ترجمان گھوٹکی پولیس کے مطابق پہلا مقابلہ تھانہ اوباوڑو کی حدود میں لنک روڈ راجن پور پر ہوا، جہاں پولیس نے اطلاع ملنے پر ناکہ بندی کی۔ چار مسلح ملزمان کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک ڈاکو بخت علی شر کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ اس کے تین ساتھی فرار ہو گئے۔ گرفتار ملزم کے قبضے سے پستول برآمد ہوا ہے اور وہ قتل، چوری، رہزنی اور پولیس مقابلوں سمیت سنگین جرائم میں مطلوب تھا۔

دوسرا مقابلہ تھانہ اے سیکشن کی حدود میں حسین بیلی لنک روڈ پر پیش آیا، جہاں چھ مسلح ملزمان واردات کی نیت سے کھڑے تھے۔ پولیس کے پہنچنے پر ملزمان نے فائرنگ شروع کر دی، جس کے نتیجے میں ایک ملزم گلاب پتافی زخمی حالت میں پستول سمیت گرفتار کر لیا گیا، تاہم اس کے پانچ ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے روپوش ہو گئے۔ تیسری کارروائی تھانہ بی سیکشن کی حدود میں کندھ کوٹ کشمور روڈ پر کی گئی، جہاں چار مسلح ملزمان اور پولیس کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ اس دوران ایک ڈاکو شاہ بخش پتافی اپنے ہی ساتھیوں کی گولی لگنے سے زخمی ہو گیا جسے پولیس نے حکمت عملی کے تحت گرفتار کر لیا، جبکہ اس کے تین ساتھی فرار ہونے میں کامیاب رہے۔

پولیس نے تمام زخمی ملزمان کو طبی امداد کے لیے مقامی ہسپتال منتقل کر دیا ہے اور ان کے خلاف پولیس مقابلہ اور سندھ آرمز ایکٹ کے تحت الگ الگ مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق گرفتار ہونے والے تمام ملزمان چوری، رہزنی اور دیگر سنگین وارداتوں میں ملوث تھے جن کا مزید کرمنل ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے۔ ایس ایس پی گھوٹکی محمد انور کھیتران نے ان کامیاب کارروائیوں پر پولیس ٹیموں کے لیے شاباشی کا پیغام جاری کرتے ہوئے فرار ملزمان کی جلد گرفتاری کی ہدایت کی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے