نیویارک (کیو این این ورلڈ) کولمبیا یونیورسٹی کے معروف امریکی پروفیسر جیفری سیکس نے ایران میں حالیہ پرتشدد فسادات کا ذمہ دار براہِ راست امریکا اور اسرائیل کو ٹھہراتے ہوئے کہا ہے کہ ایران میں ایک منظم اور سفاک کھیل کھیلا جا رہا ہے۔ انہوں نے امریکی میڈیا کے کردار پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جانبدار مین اسٹریم میڈیا عوام کو یہ غلط تاثر دے رہا ہے کہ ایرانی حکومت معیشت پر کنٹرول کھو چکی ہے، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ ایرانی معیشت کو تباہ کرنے والا خود امریکا ہے۔ پروفیسر جیفری کا کہنا تھا کہ عوام سے ہمیشہ یہ جھوٹ بولا جاتا ہے کہ ایرانی حکومت اپنے شہریوں پر ظلم کر رہی ہے، جبکہ امریکا اور اسرائیل کا اصل ہدف ایرانی عوام کی زندگیوں کو اجیرن بنا کر وہاں ‘رجیم چینج’ یعنی حکومت کی تبدیلی لانا ہے۔
دوسری جانب بین الاقوامی امور کے ماہر سینیٹر مشاہد حسین سید نے پروفیسر جیفری سیکس کے اس جرات مندانہ بیان کی بھرپور تائید کی ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر پروفیسر کے بیان کو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ایران کے معاملے پر مغربی میڈیا اس قدر کمزور، جعلی اور بکاؤ ہو چکا ہے کہ وہ سچائی کو منظرِ عام پر لانے سے مکمل انکاری ہے۔ مشاہد حسین سید نے کہا کہ عالمی سطح پر حقائق کو مسخ کرنا مغربی میڈیا کا پرانا وطیرہ ہے اور سچ بتانے کے بجائے وہ صرف مخصوص ایجنڈے کی تشہیر کر رہا ہے۔ یہ بیانات ایک ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب ایران میں جاری بے چینی پر عالمی مبصرین مختلف آراء کا اظہار کر رہے ہیں۔