اوکاڑہ سے ملک ظفر کی ڈائری

فورایل ،مسلم لیگ ن کا گڑھ مگر ترقی سے محروم
موسموں کے بدلتے رنگوں کے ساتھ جہاں فطرت انگڑائی لیتی ہے، وہیں سیاست دانوں کے لہجے اور وعدے بھی بدلتے دکھائی دیتے ہیں۔ ضلع اوکاڑہ کے حلقہ این اے 136 اور پی پی 190 کے منتخب نمائندے چوہدری ریاض الحق جج اور میاں یاور زمان طویل عرصے سے اس علاقے کی نمائندگی کر رہے ہیں، لیکن اگر مجموعی ترقیاتی صورتحال کا جائزہ لیا جائے تو فور ایل کا علاقہ آج بھی لاوارث اور محرومیوں کی تصویر بنا ہوا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کا مضبوط گڑھ ہونے کے باوجود یہاں کے باسی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں اور سڑکوں کی خستہ حالی عوامی نمائندوں کی کارکردگی پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔

اس حلقے کے مکینوں کی خاموشی اور اپنے قائدین سے سوال نہ کرنے کی روش نے شاید انتظامیہ اور سیاست دانوں کو بے فکر کر رکھا ہے۔ فور ایل اور شاہبھور کے علاقے ترقیاتی منصوبوں کی فہرست سے مسلسل غائب نظر آتے ہیں۔ خصوصاً چک نمبر 22 فور ایل اور 23 فور ایل، جو نہر کی آخری ٹیلوں پر واقع ہیں، سیم و تھور اور نہری پانی کی چوری کے باعث بدترین زرعی بحران کا شکار ہیں۔ زرعی مسائل اور سہولیات کے فقدان کے باعث بڑی تعداد میں لوگ یہاں سے نقل مکانی پر مجبور ہو چکے ہیں، جو کہ انتظامی عدم دلچسپی کا واضح ثبوت ہے۔

تعلیم اور صحت کے شعبے بھی زبوں حالی کا شکار ہیں؛ محض عمارتیں کھڑی کر دینے سے نظام فعال نہیں ہوتا، یہی وجہ ہے کہ عوام علاج اور بہتر تعلیم کے لیے شہروں کا رخ کرنے پر مجبور ہیں۔ سڑکوں کی بات کی جائے تو 22 فور ایل تا 31 فور ایل روڈ، طبروق روڈ اور غیاث چوک روڈ اپنی بدحالی کی داستان سنا رہے ہیں۔ علاقے میں کئی بااثر شخصیات کی موجودگی کے باوجود اجتماعی آواز نہ اٹھانا افسوسناک ہے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ منتخب نمائندے اور انتظامیہ اس حلقے کے دیرینہ مسائل کو سنجیدگی سے حل کریں تاکہ یہاں کے عوام بھی باعزت زندگی گزار سکیں اور ملکی تعمیر و ترقی میں اپنا بھرپور حصہ ڈال سکیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے