لاہور (کیو این این ورلڈ) پنجاب حکومت، علمائے کرام اور اتحاد تنظیماتِ مدارس کے درمیان مسلسل چار ماہ تک جاری رہنے والے مذاکرات کے بعد مدارس کی رجسٹریشن کے معاملے پر مکمل اتفاقِ رائے ہو گیا ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق، رجسٹریشن کے عمل سے متعلق علمائے کرام اور اتحاد تنظیماتِ مدارس کے تمام تحفظات کو دور کر دیا گیا ہے، جس کے بعد اب 3 فروری سے صوبے بھر میں مدارس کی باقاعدہ رجسٹریشن کا عمل شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں محکمہ داخلہ پنجاب نے تمام اسٹیک ہولڈرز کی سفارشات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک خصوصی آن لائن فارم ترتیب دے دیا ہے۔ یہ فارم علمائے کرام، اتحاد تنظیماتِ مدارس، محکمہ تعلیم، محکمہ انڈسٹریز، چیریٹی کمیشن اور متعلقہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشترکہ مشاورت سے تیار کیا گیا ہے تاکہ نظام کو شفاف اور سہل بنایا جا سکے۔ تمام مدارس اب آن لائن ڈیٹا فراہم کریں گے اور رجسٹریشن کے لیے کسی بھی مدرسے کے نمائندے کو کسی دفتر جانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے واضح کیا ہے کہ اس آن لائن فارم کے ذریعے تمام مدارس براہِ راست پنجاب چیریٹی کمیشن سے رجسٹرڈ ہو جائیں گے۔ تمام مکاتبِ فکر اور جید علماء سے مشاورت کے بعد رجسٹریشن کے عمل کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اور اس وقت مدارس کے آئی ٹی عملے کی تربیت کا عمل جاری ہے۔ 3 فروری سے شروع ہونے والے اس اقدام کا مقصد مدارس کے انتظامی امور کو جدید تقاضوں کے مطابق منظم کرنا اور تعلیمی نظام میں بہتری لانا ہے۔