پسرور (کیو این این ورلڈ + محمد وقاص اسلم) آل برادری ویلفیئر سوسائٹی کی جانب سے فلاحی کاموں کا سلسلہ تسلسل کے ساتھ جاری ہے، جس کے تحت گورنمنٹ پرائمری سکول سرانوالی میں طلبہ کے بیٹھنے کے لیے نئے فرنیچر کا عطیہ دیا گیا۔ سکول کے اساتذہ کرام نے تنظیم کو آگاہ کیا تھا کہ سکول میں موجود ڈیسک اور بینچز ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، جس کے باعث بچوں کو تعلیم کے حصول میں شدید مشکلات کا سامنا تھا۔ اس اطلاع پر سوسائٹی کے صدر حاجی محمد ارشد مئیو کی ہدایت پر عہدیداران نے سکول کا دورہ کیا اور صورتحال کی تصدیق کے بعد فوری طور پر نیا فرنیچر تیار کروانے کا فیصلہ کیا۔
اس فلاحی مشن میں محمد وسیم ولد بشیر مئیو نے خصوصی تعاون کرتے ہوئے ایک درخت فراہم کیا، جس کی لکڑی سے بچوں کے لیے معیاری بینچز اور ڈیسک تیار کیے گئے۔ فرنیچر کی تیاری کے بعد صدر حاجی محمد ارشد مئیو نے اپنی ٹیم کے ہمراہ، جس میں محمد عدیل اصغر مئیو، محمد عرفان شمس، محمد شاہد مئیو، محمد سعید بٹ، محمد کاشف بٹ اور محمد شکیل منج شامل تھے، سکول کا دورہ کیا۔ اس موقع پر اساتذہ کرام نے سوسائٹی کے وفد کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں پھولوں کے ہار پہنا کر ان کی خدمت کو سراہا۔