اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر بڑی کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جس سے مہنگائی کے ستائے عوام کو مزید ریلیف ملنے کی توقع ہے۔ ذرائع کے مطابق 16 جنوری سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 4 روپے 59 پیسے فی لیٹر تک کمی ہو سکتی ہے۔ ابتدائی تخمینے کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 59 پیسے، جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 70 پیسے فی لیٹر تک کمی متوقع ہے۔ اسی طرح مٹی کا تیل 1 روپے 82 پیسے اور لائٹ ڈیزل آئل 2 روپے 8 پیسے فی لیٹر تک سستا ہونے کا امکان ہے، جس سے ٹرانسپورٹ کے اخراجات میں بھی کمی آئے گی۔
تیل و گیس کے حوالے سے باقاعدہ کام کرنے والے ادارے اوگرا کی جانب سے حتمی ورکنگ 15 جنوری کو پیٹرولیم ڈویژن کو ارسال کی جائے گی، جس کے بعد وزارتِ خزانہ وزیراعظم کی مشاورت سے نئی قیمتوں کا حتمی اعلان کرے گی۔ واضح رہے کہ حکومت نے نئے سال کے آغاز پر بھی عوام کو ریلیف دیتے ہوئے پیٹرول کی قیمت میں 10 روپے 28 پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں 8 روپے 57 پیسے فی لیٹر کمی کی تھی۔ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اور روپے کی قدر میں استحکام کو اس حالیہ ممکنہ کمی کی بڑی وجہ قرار دیا جا رہا ہے، جس سے عام صارفین کے ساتھ ساتھ زرعی اور صنعتی شعبے پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔