اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ،بیوروچیف ملک ظفر ) ممبر قومی اسمبلی چوہدری ریاض الحق جج نے ایم ڈی واسا عبدالوحید کے ہمراہ چرچ روڈ سیوریج سکیم کی سائٹ اور مختلف ڈسپوزل اسٹیشنز کا تفصیلی دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے چرچ روڈ سیوریج سکیم کے لیے مختص جگہ کا معائنہ کیا اور ایکسین میونسپل کمیٹی مہر مبارک کو ہدایت جاری کی کہ ترقیاتی کاموں کا آغاز جلد از جلد یقینی بنایا جائے۔ اس موقع پر ایم این اے چوہدری ریاض الحق جج کا کہنا تھا کہ اس اہم سیوریج سکیم کی تعمیر سے شہر کی مرکزی شاہراہ پر رہنے والے شہریوں کو دیرینہ مسائل سے نجات ملے گی اور انہیں بڑا ریلیف حاصل ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کے سیوریج مسائل کا حل ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور کسی بھی سیوریج سسٹم کی کامیابی کے لیے ڈسپوزل اسٹیشنز کی بہترین ورکنگ بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔
مینجنگ ڈائریکٹر واسا عبدالوحید نے ڈسپوزل اسٹیشنز کی کارکردگی پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سولرائزیشن کے منصوبے کے باعث اب ڈسپوزل اسٹیشنز کو بلا تعطل بجلی فراہم کی جا رہی ہے، جس سے نہ صرف ان کی کارکردگی میں اضافہ ہوا ہے بلکہ سالانہ کروڑوں روپے کے بجلی کے اخراجات کی بچت بھی ہو رہی ہے۔ انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ بارشی پانی کی فوری نکاسی کے لیے جاری ‘سکاڈا پراجیکٹ’ پر کام تیزی سے جاری ہے، جس کے تحت شہر کے وسط سے 5 کیوسک بارشی پانی نکالنے کا منصوبہ مئی تک مکمل کر لیا جائے گا۔ ممبر قومی اسمبلی چوہدری ریاض الحق جج نے ڈسپوزل اسٹیشنز کی اپ گریڈیشن اور ورکنگ پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے واسا حکام کو معیار برقرار رکھنے کی تاکید کی۔