اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ،نامہ نگار ملک ظفر) معروف روحانی اسکالر سید سرفراز احمد شاہ نے کہا ہے کہ رزق کا حقیقی رازق صرف اللہ تعالیٰ ہے اور دنیاوی وسائل پر حد سے زیادہ انحصار انسان کے اندر بے چینی اور حرص پیدا کرتا ہے۔ اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں منعقدہ سوال و جواب کی ایک پروقار نشست سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ روحانیت کا راستہ محض ذکر و اذکار تک محدود نہیں بلکہ یہ عبادت اور نیکی کے بہترین امتزاج سے طے ہوتا ہے۔ اس موقع پر صاحبزادگان سید شیراز احمد شاہ، سید سہیل احمد شاہ سمیت عقیدت مندوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ سید سرفراز احمد شاہ نے اپنی گفتگو میں اس بات پر زور دیا کہ اللہ تعالیٰ نے ہر جاندار کے رزق کی ضمانت دے رکھی ہے، لیکن انسان جب رب پر بھروسہ کرنے کے بجائے مادی ذرائع کو سب کچھ سمجھ لیتا ہے تو وہ ذہنی خلفشار کا شکار ہو جاتا ہے۔ انہوں نے حضرت علیؓ کے قول کا حوالہ دیتے ہوئے تشریح کی کہ رزق کی دو قسمیں ہیں؛ ایک وہ جسے انسان تلاش کرتا ہے اور دوسرا وہ جو انسان کو خود تلاش کرتا ہے۔

سید سرفراز احمد شاہ نے مزید کہا کہ شکر گزاری اور براہِ راست اللہ سے تعلق ہی حقیقی سکون کی بنیاد ہے۔ انہوں نے روحانیت کے سفر کو ایک طالب علم کی محنت سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ راستہ تکلیف دہ نہیں بلکہ اس میں قربِ الٰہی کے لیے دی جانے والی قربانیاں انسان کو بلندی عطا کرتی ہیں۔ نشست سے خطاب کرتے ہوئے صاحبزادہ سید شیراز احمد شاہ نے کہا کہ حضور پاک ﷺ کی سنتوں پر عمل پیرا ہو کر ہم اپنی زندگیوں کو آسان اور پرسکون بنا سکتے ہیں۔ انہوں نے خاص طور پر والدین کی خدمت اور ان سے محبت کو عبادت سمجھ کر کرنے کی تاکید کی اور کہا کہ والدین کی رضا میں ہی دونوں جہانوں کی بھلائی اور کامیابی پوشیدہ ہے۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء نے سید سرفراز احمد شاہ سے مختلف روحانی و سماجی موضوعات پر سوالات کیے جن کے انہوں نے سیر حاصل جوابات دیے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے