لاہور (کیو این این ورلڈ) بین الاقوامی جریدے "دی ڈپلومیٹ” نے اپنی حالیہ رپورٹ میں پاکستان کی مضبوط سفارتی پالیسی اور عالمی سطح پر بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کی بھرپور ستائش کرتے ہوئے اسے خطے میں مرکزِ نگاہ قرار دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان نے مؤثر سفارتکاری کی بدولت بین الاقوامی سطح پر اپنا مقام مستحکم کیا ہے، جسے چین سمیت عالمی قوتوں نے خصوصی طور پر سراہا ہے۔ پاکستان نے بیک وقت امریکہ کے ساتھ تعمیری تعلقات اور چین کے ساتھ اسٹریٹجک روابط کو نہایت متوازن انداز میں برقرار رکھ کر خود کو ایک ذمہ دار ریاست ثابت کیا ہے۔ چین پاکستان کو ایک ایسے معاشی طور پر مضبوط ملک کے طور پر دیکھتا ہے جو اپنی سرحدوں سے باہر بھی مثبت کردار ادا کر رہا ہے، یہی وجہ ہے کہ چین نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی رکنیت اور شنگھائی کوآپریشن آرگنائزیشن (SCO) کی صدارت جیسے اہم عہدوں کے لیے پاکستان کے کردار کی حمایت کی ہے۔

جریدے کی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان اور چین کے مابین متعدد شعبوں میں اسٹریٹجک شراکت داری نے دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچا دیا ہے، جس سے خطے میں پاکستان کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔ چین نے عالمی فورمز پر پاکستان کی پالیسیوں کی بھرپور تائید کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے پر زور دیا ہے، جبکہ افغان حکومت پر بھی اعتدال پسندی اور پڑوسیوں کے ساتھ اچھے تعلقات کے قیام کی ضرورت پر توجہ دلائی ہے۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان کی موجودہ متوازن اور دور اندیش خارجہ پالیسی نے اسے نہ صرف خطے بلکہ عالمی اداروں میں بھی ایک بااثر ملک کے طور پر منوایا ہے، جسے عالمی برادری امن و استحکام کے لیے ناگزیر قرار دے رہی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے