میرپور ماتھیلو (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار مشتاق علی لغاری) شہر میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال اور تنویر انڑ پر موٹر سائیکل چھیننے کے دوران فائرنگ کے واقعے کے خلاف انڑ برادری اور شہریوں نے ایس ایس پی گھوٹکی کے دفتر کے سامنے شدید احتجاجی مظاہرہ اور دھرنا دیا۔ احتجاج میں مظاہرین کی بڑی تعداد نے شرکت کی جنہوں نے سڑک بلاک کر کے پولیس کی مبینہ غفلت اور جرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کے خلاف سخت نعرے بازی کی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ میرپور ماتھیلو اور گرد و نواح میں ڈکیتی، چوری اور مسلح راہزنی کی وارداتیں روز کا معمول بن چکی ہیں، جس کی وجہ سے شہری خود کو غیر محفوظ تصور کر رہے ہیں، جبکہ پولیس ان جرائم پر قابو پانے میں مکمل طور پر ناکام ثابت ہو رہی ہے۔

انڑ برادری کے رہنماؤں نے موقف اختیار کیا کہ تنویر انڑ پر دن دیہاڑے فائرنگ کا واقعہ پولیس گشت کے فقدان اور ناقص کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے، مسلح ملزمان شہریوں سے موبائل، نقدی اور موٹر سائیکلیں چھین کر باآسانی فرار ہو جاتے ہیں اور پولیس صرف کاغذی کارروائی تک محدود رہتی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث ملزمان کو فی الفور گرفتار کر کے کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے اور شہر میں امن و امان کی بحالی کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔ دھرنے کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ مظاہرین نے انتباہ کیا کہ اگر ملزمان کی گرفتاری اور انصاف کی فراہمی یقینی نہ بنائی گئی تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کر دیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے