گھوٹکی (کیو این این ورلڈ/نامہ نگارمشتاق علی لغاری) تھانہ ڈہرکی کی حدود میں پولیس اور جرائم پیشہ عناصر کے درمیان ہونے والے مبینہ مقابلے میں ایک خطرناک ملزم کو زخمی حالت میں اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او تھانہ ڈہرکی صفیع اللہ انصاری اپنے اسٹاف کے ہمراہ دورانِ گشت مھانہ پل نزد گاؤں سائینڈنو ملک کے قریب پہنچے تو وہاں واردات کی نیت سے کھڑے چار مسلح ڈکیتوں نے پولیس کو دیکھ کر فائرنگ شروع کر دی، جس پر پولیس نے بھی جوابی کارروائی کی۔ دو طرفہ فائرنگ کے نتیجے میں ایک ملزم شفیق احمد ولد منظور احمد چاچڑ کو پولیس نے حکمت عملی کے تحت زخمی حالت میں گرفتار کر لیا، جبکہ اس کے تین دیگر ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے ایک پسٹل برآمد ہوا ہے اور اسے فوری طبی امداد کے لیے مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزم شفیق احمد چوری، رہزنی، پولیس مقابلے اور دیگر سنگین جرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہا ہے، جس کا کرمنل ریکارڈ بھی سامنے آ گیا ہے۔ ملزم تھانہ ڈہرکی میں درج مختلف مقدمات کے علاوہ ضلع سکھر کے تین کیسز اور تھانہ اوباوڑو کے ایک مقدمے میں بھی پولیس کو مطلوب تھا۔ پولیس نے ملزم اور اس کے مفرور ساتھیوں کے خلاف اقدام قتل اور پولیس مقابلے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے، جبکہ برآمد ہونے والے غیر قانونی اسلحہ پر سندھ آرمز ایکٹ کے تحت الگ مقدمہ درج کیا گیا ہے اور فرار ملزمان کی تلاش میں علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔