کویت سٹی (کیو این این ورلڈ) کویت کی ایک مقامی عدالت نے منشیات اسمگلنگ کے بین الاقوامی نیٹ ورک سے منسلک دو بھارتی شہریوں کو جرم ثابت ہونے پر سزائے موت سنا دی ہے، جن کے قبضے سے بھاری مقدار میں ہیروئن اور دیگر ممنوعہ اشیاء برآمد ہوئی تھیں۔ عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق جج خالد الطحوس کی سربراہی میں قائم فوجداری عدالت نے استغاثہ کی جانب سے پیش کردہ ٹھوس شواہد کی بنیاد پر یہ فیصلہ سنایا۔ عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ ملزمان ایک ایسے منظم بین الاقوامی گروہ کا حصہ تھے جو کویت سے باہر بیٹھ کر منشیات کی اسمگلنگ کا جال پھیلا رہا تھا، جس کی بیخ کنی کے لیے سخت سزا ناگزیر ہے۔
یاد رہے کہ سیکیورٹی فورسز نے ان دونوں ملزمان کو کویت کے علاقوں کیفان اور شوایک میں ایک انٹیلیجنس بیسڈ کارروائی کے دوران رنگے ہاتھوں گرفتار کیا تھا۔ چھاپے کے دوران سیکیورٹی حکام نے ملزمان کے ٹھکانے سے 14 کلوگرام ہیروئن اور 8 کلوگرام میتھ ایمفیٹامین برآمد کی تھی، جبکہ ان کے قبضے سے منشیات تولنے کے لیے استعمال ہونے والے الیکٹرانک ترازو اور دیگر متعلقہ ساز و سامان بھی ضبط کیا گیا تھا۔ کویت میں منشیات کے پھیلاؤ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جا رہی ہے اور یہ تازہ عدالتی فیصلہ اسی سخت گیر حکمت عملی کا تسلسل قرار دیا جا رہا ہے۔