کوئٹہ (کیو این این ورلڈ) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کراچی، کوئٹہ اور چمن کو ملانے والی 810 کلومیٹر طویل شاہراہ "پاکستان ایکسپریس وے” (N-25) کا باضابطہ سنگ بنیاد رکھ دیا ہے، جو دو سال کی ریکارڈ مدت میں مکمل ہوگی۔ سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے ہدایت کی کہ اس اہم منصوبے کی تعمیر میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے اور شاہراہ کو مقررہ وقت دسمبر 2027 سے بھی پہلے مکمل کرنے کی کوشش کی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جو ٹھیکیدار کام میں سستی دکھائے یا معیار کے مطابق کام نہ کرے اسے فوری ہٹا دیا جائے۔ تقریب میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان، گورنر اور وزیراعلیٰ بلوچستان سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کے لیے تاریخ ساز ہے کیونکہ 800 کلومیٹر سے زائد طویل یہ شاہراہ حقیقی معنوں میں گیم چینجر ثابت ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ این ایچ اے کے مجموعی نیٹ ورک کا تقریباً 40 فیصد حصہ بلوچستان پر مشتمل ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ بلوچستان پاکستان کا دل ہے اور وفاق کی پالیسی اس صوبے کے دور دراز علاقوں کو قومی شاہراہوں سے جوڑنا ہے۔ عبدالعلیم خان نے مزید انکشاف کیا کہ وزیراعظم کی خصوصی دلچسپی کے باعث اس منصوبے کے لیے فنڈز جاری کر دیے گئے ہیں اور فی الوقت بلوچستان میں 735 ارب روپے کی لاگت سے 16 بڑے منصوبے مکمل کیے جا رہے ہیں۔ اس شاہراہ کی تعمیر سے نہ صرف سفر کا وقت کم ہوگا بلکہ تجارتی سرگرمیوں میں بھی بے پناہ اضافہ ہوگا۔