لاہور (کیو این این ورلڈ) پنجاب حکومت نے چولستان کے پسماندہ علاقوں میں بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لیے ایک بڑے ترقیاتی پیکج کی منظوری دیتے ہوئے پختہ سڑکوں کی بحالی، توسیع اور تعمیر کے لیے 2 ارب 50 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کر دیے ہیں۔ صوبائی ترقیاتی و منصوبہ بندی بورڈ کے اجلاس میں چولستان کے لیے مجموعی طور پر 17 ترقیاتی سکیموں کی منظوری دی گئی، جس کے تحت سڑکوں کے نیٹ ورک کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا۔ اس منصوبے میں نہ صرف نئی سڑکیں تعمیر کی جائیں گی بلکہ موجودہ ڈھانچے کی مرمت اور بہتری کو بھی یقینی بنایا جائے گا تاکہ صحرائی علاقوں میں نقل و حمل کی سہولیات کو بہتر بنایا جا سکے۔
اجلاس میں بنیادی سہولیات کے ساتھ ساتھ ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے 34 ایمرجنسی گاڑیوں کی خریداری اور مختلف شعبوں میں 323 نئی اسامیوں (ایچ آر پوسٹس) کے قیام کے لیے پوزیشن پیپر کی بھی منظوری دی گئی۔ اس کے علاوہ پنجاب ٹورازم فورس کے قیام کے لیے ضروری گاڑیوں کی فراہمی سے متعلق امور کو بھی حتمی شکل دی گئی تاکہ صوبے میں سیاحت کو فروغ دیا جا سکے۔ زرعی شعبے کی بہتری کے لیے جھنگ میں ڈیٹ پام ریسرچ سب سٹیشن کی اپ گریڈیشن اور پپیتا کی پیداوار میں اضافے سمیت پپیتا لیف کرل وائرس سے بچاؤ کے منصوبوں کے لیے بھی فنڈز اور گاڑیوں کی منظوری دے دی گئی ہے، جس سے زراعت کے شعبے میں تحقیق اور مینجمنٹ کو تقویت ملے گی۔