دمبولا (کیو این این ورلڈ) پاکستان نے تین ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے مقابلے میں میزبان سری لنکا کو باآسانی 6 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی ہے۔ دمبولا میں کھیلے گئے اس میچ میں پاکستانی کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو بالرز نے درست ثابت کر دکھایا۔ پاکستانی بالرز کی نپی تلی بالنگ کے باعث سری لنکا کی پوری ٹیم 19.2 اوورز میں محض 128 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ میزبان ٹیم کی جانب سے جنتھ لیانگے 40 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ ہسارنگا اور اسالنکا نے 18، 18 رنز اسکور کیے۔ پاکستان کی جانب سے سلمان مرزا اور ابرار احمد نے تباہ کن بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ طویل عرصے بعد ٹیم میں واپسی کرنے والے شاداب خان اور محمد وسیم جونیئر نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
129 رنز کا تعاقب پاکستان نے انتہائی پراعتماد انداز میں کیا اور مطلوبہ ہدف 17 ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ اوپنر صاحبزادہ فرحان نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 36 گیندوں پر 51 رنز کی میچ وننگ اننگز کھیلی۔ دیگر بلے بازوں میں صائم ایوب نے 24 رنز بنائے جبکہ کپتان سلمان علی آغا 16 اور فخر زمان 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ میچ کے اختتامی لمحات میں شاداب خان نے 18 اور عثمان خان نے 7 رنز بنا کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا اور ناقابلِ شکست رہے۔ پاکستان کی اس فتح نے سیریز کے اگلے میچوں کے لیے ٹیم کے حوصلے بلند کر دیے ہیں جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ 9 جنوری کو کھیلا جائے گا۔