اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطح کا مشاورتی اجلاس منعقد ہوا جس میں سابق وزرائے خارجہ، سابق خارجہ سیکرٹریز اور دنیا کے مختلف خطوں میں تعینات پاکستانی سفیروں نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران حالیہ علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور بدلتی ہوئی عالمی پیش رفت کے تناظر میں پاکستان کے سفارتی تقاضوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر شرکاء نے مختلف ممالک کے ساتھ دوطرفہ اور کثیرالجہتی تعلقات کو مزید مستحکم، مؤثر اور نتیجہ خیز بنانے کے حوالے سے اپنی ماہرانہ تجاویز پیش کیں۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے شرکاء کو اہم عالمی فورمز پر پاکستان کے اصولی موقف اور حالیہ کامیاب سفارتی کوششوں، بالخصوص دورہ چین کے نتائج سے آگاہ کیا۔ اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ موجودہ پیچیدہ علاقائی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے فعال سفارت کاری اور برادر ممالک کے ساتھ تزویراتی تعاون کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ وزیر خارجہ نے تجربہ کار سفارت کاروں کی گراں قدر آراء کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت پاکستان کے قومی مفادات کے تحفظ اور عالمی برادری کے ساتھ معاشی و سیاسی روابط کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کے لیے تمام دستیاب وسائل اور تجربہ کار ماہرین کی مشاورت کو بروئے کار لاتی رہے گی۔