اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) وزیراعظم شہباز شریف نے حکومت اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے درمیان سیاسی تعطل ختم کرنے کے لیے مذاکرات کی باقاعدہ منظوری دیتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کو گرین سگنل دے دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومتی وفد سپیکر کی درخواست پر مذاکرات کے لیے مکمل طور پر تیار ہے، تاہم حکومت نے یہ شرط عائد کی ہے کہ بات چیت صرف پی ٹی آئی کے منتخب نمائندوں سے ہوگی اور کسی بھی غیر منتخب شخص سے مذاکرات نہیں کیے جائیں گے۔ دوسری جانب سپیکر آفس کا کہنا ہے کہ سردار ایاز صادق نے اب تک پارلیمانی کمیٹی کو برقرار رکھا ہوا ہے لیکن تاحال تحریک انصاف کے کسی رہنما نے مذاکرات کے لیے ان سے باضابطہ رابطہ نہیں کیا، اگر اپوزیشن رضامند ہوتی ہے تو فوری طور پر پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس طلب کر لیا جائے گا۔
وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چودھری نے اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کو بہتر انداز میں چلانے کے لیے مذاکرات ناگزیر ہیں اور ہمارے تمام اتحادی بھی اس کے حق میں ہیں، مگر پی ٹی آئی کو مذاکرات کے لیے سنجیدگی دکھانی ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف اس وقت خود کنفیوژن کا شکار ہے اور اس کے دو دھڑے الگ الگ باتیں کر رہے ہیں، اگر وہ سپیکر کے چیمبر میں آتے ہیں تو بات چیت کا آغاز ہو سکتا ہے۔ پارلیمانی ذرائع کا کہنا ہے کہ سپیکر ایاز صادق نے تحریک انصاف کو اپنے چیمبر میں آنے کی دعوت دے رکھی ہے، تاہم اپوزیشن کی جانب سے تاحال کوئی مثبت جواب موصول نہیں ہوا۔ واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے سپیکر سے آخری بار رابطہ محمود خان اچکزئی کو اپوزیشن لیڈر بنانے کے سلسلے میں کیا تھا۔