سیالکوٹ (کیو این این ورلڈ/رپورٹ مدثر رتو) ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی کی خصوصی ہدایات پر محکمہ سول ڈیفنس کی ٹیم نے رات گئے شہر کے مختلف علاقوں میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی ڈی کینٹنگ میں ملوث پانچ ایل پی جی اسٹیشنز کو سربمہر کر دیا ہے۔ چھاپوں کے دوران پانچ ڈی کینٹنگ مشینیں، سلنڈر اور دیگر متعلقہ سامان بھی قبضے میں لے لیا گیا ہے۔ ان کارروائیوں کا بنیادی مقصد غیر قانونی ایل پی جی ڈی کینٹنگ کی روک تھام اور شہریوں کی جان و مال کو لاحق سنگین خطرات کا تدارک کرنا ہے۔ سول ڈیفنس کی ٹیم نے موقع پر حفاظتی ضوابط کی سنگین خلاف ورزیوں کا بھی جائزہ لیا اور ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ غیر قانونی ایل پی جی ڈی کینٹنگ ایک انتہائی خطرناک عمل ہے جو کسی بھی وقت کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتا ہے، اس لیے ایسے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جا رہی ہے۔ انہوں نے شہریوں کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ اس طرح کے غیر قانونی کاروبار کے لیے اپنی دکانیں یا جگہیں کرایہ پر نہ دیں، بصورت دیگر ان کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ ضلع بھر میں غیر قانونی پٹرول پمپس اور ایل پی جی اسٹیشنز کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی کیونکہ عوام کے جان و مال کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے