اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) وزیراعظم شہباز شریف کل بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کا ایک روزہ دورہ کریں گے، جہاں وہ تعلیم کے شعبے میں اہم منصوبے دانش اسکول کا باقاعدہ افتتاح کریں گے۔ اپنے دورے کے دوران وزیراعظم کوئٹہ میں بلوچستان کی مجموعی امن و امان کی صورتحال اور سیکیورٹی سے متعلق ایک اہم اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت بھی کریں گے جس میں صوبے کی سلامتی کے امور پر تفصیلی مشاورت کی جائے گی۔
وزیراعظم کے شیڈول کے مطابق ان کی وزیراعلیٰ بلوچستان سمیت صوبائی حکام اور اتحادی جماعتوں کے قائدین و رہنماؤں سے بھی اہم ملاقاتیں ہوں گی جن میں صوبے کے انتظامی و سیاسی امور اور ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ وزیراعظم کے اس اہم دورے کے پیش نظر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر بھی کوئٹہ پہنچ گئے ہیں تاکہ استقبالیہ اور دیگر ملاقاتوں میں شرکت کر سکیں۔ حکام کی جانب سے وزیراعظم کی آمد پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔