ڈیرہ غازی خان (کیو این این ورلڈ/سٹی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن "ستھرا پنجاب پروگرام” کے تحت صفائی کے شعبے میں کام کرنے والے محنت کشوں کی فلاح و بہبود کے لیے راشن کارڈز کی تقسیم کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے اس موقف کی روشنی میں کہ کسی بھی ادارے کی کامیابی میں اس کے ورکرز کلیدی کردار ادا کرتے ہیں، ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ کے کوآرڈینیٹر عبداللہ عباسی اور تحصیل منیجر رانا عثمان نے کمپنی کے ورکرز میں راشن کارڈز تقسیم کیے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے حکام نے کہا کہ صفائی ورکرز شہر کی خوبصورتی اور صحت مند ماحول کے قیام کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور حکومتِ پنجاب ان کی محنت کو تسلیم کرتے ہوئے ان کی زندگیوں میں آسانی لانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

راشن کارڈز کی وصولی پر ورکرز نے انتہائی خوشی اور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے حکومتِ پنجاب اور انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے انہیں مہنگائی کے اس دور میں ریلیف ملے گا اور ان کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے کہ وہ اپنے فرائض مزید تندہی سے انجام دیں۔ واضح رہے کہ ستھرا پنجاب پروگرام کو نہ صرف مقامی بلکہ عالمی سطح پر بھی سراہا جا رہا ہے اور اس کے تحت صفائی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے ساتھ ساتھ ورکرز کی سماجی و معاشی بہتری پر بھی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ صوبے بھر میں شفافیت اور عوامی خدمت کے مشن کو کامیابی سے ہمکنار کیا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے