ڈھاکہ (کیو این این ورلڈ) بنگلا دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے درمیان ٹی 20 ورلڈ کپ کے حوالے سے اہم رابطہ ہوا ہے، جس میں بی سی بی نے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر اپنی ٹیم بھارت نہ بھیجنے اور میچز کسی غیر جانبدار مقام پر منتقل کرنے کی باضابطہ درخواست کی ہے۔ ذرائع کے مطابق آئی سی سی نے بنگلا دیشی بورڈ سے ان سکیورٹی خدشات کی نوعیت اور تفصیلات طلب کر لی ہیں، جس کا بی سی بی کی جانب سے آج تفصیلی جواب دیے جانے کا امکان ہے۔ بی سی بی ذرائع نے ان خبروں کی تردید کی ہے کہ آئی سی سی کے ساتھ کوئی ورچوئل ملاقات ہوئی ہے یا بھارت نہ جانے کی صورت میں پوائنٹس سے محروم کرنے کی کوئی وارننگ دی گئی ہے۔

دوسری جانب بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ آئی سی سی نے بنگلا دیش کی اس درخواست کو مسترد کر دیا ہے اور یہ موقف اپنایا ہے کہ اگر بنگلا دیشی ٹیم بھارت نہیں جاتی تو اسے اپنے میچز کے پوائنٹس سے ہاتھ دھونا پڑ سکتے ہیں۔ تاہم بی سی بی کا موقف ہے کہ کھلاڑیوں کی حفاظت ان کی اولین ترجیح ہے اور وہ اس معاملے پر آئی سی سی کو تمام زمینی حقائق سے آگاہ کریں گے۔ کرکٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ بنگلا دیش اور بھارت کے درمیان حالیہ سفارتی تناؤ کے باعث کرکٹ ایونٹ پر اثرات مرتب ہو رہے ہیں اور آئی سی سی کی جانب سے حتمی فیصلے کا انتظار کیا جا رہا ہے تاکہ ٹورنامنٹ کے شیڈول کی صورتحال واضح ہو سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے