اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) وزیراعظم شہباز شریف نے خسارے کا شکار ریاستی ملکیتی اداروں کی نجکاری کو حکومت کی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے نجکاری کمیشن میں اصلاحات کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ وزیراعظم کی زیر صدارت نجکاری کمیشن کے امور پر منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں وفاقی وزرا، مشیر نجکاری اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے واضح کیا کہ قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کی نجکاری اس سلسلے کا پہلا قدم ہے اور حکومت ملک کو معاشی بوجھ سے نکالنے کے لیے تمام خسارے والے اداروں کی نجکاری کے عمل کو ہر صورت مکمل کرے گی۔

وزیراعظم نے نجکاری کمیشن کو ڈیجیٹائز کرنے اور تمام منصوبوں کا بین الاقوامی فرم سے تھرڈ پارٹی آڈٹ کروانے کے احکامات جاری کرتے ہوئے ہدایت کی کہ مارکیٹ سے بہترین اور شفاف افرادی قوت کو اس عمل کا حصہ بنایا جائے۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کی نجکاری کو دو مراحل میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پہلے مرحلے میں اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو)، گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو) اور فیصل آباد الیکٹرک پاور کمپنی (فیپکو) کی نجکاری کی جائے گی، جبکہ دوسرے مرحلے میں حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (حیسکو) اور سکھر الیکٹرک پاور کمپنی (سیپکو) کو نجی شعبے کے حوالے کیا جائے گا تاکہ انتظامی امور اور بجلی کی فراہمی کے نظام کو بہتر بنایا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے